ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکار فواد خان کو 2000 ء میں ریلیز ہونے والی رومانوی فلم ’’دھڑکن‘‘ کے سیکوئل میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی ڈراموں سے عروج حاصل کرنے والے اداکار فواد خان کی کامیابی کا سفر بالی وڈ میں بھی جاری ہے اور وہ اپنی 2 فلموں کے سپر ہٹ ہونے کے بعد فلم نگری میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ فلم نگری میں ایک کے بعد ایک کئی نامور ہدایتکار فواد خان کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 2000 میں ریلیز ہونے والی رومانوی فلم ’’دھڑکن‘‘ کے سیکوئل میں مرکزی کردار کے لیے فواد خان کو پیش کش کی گئی جو انہوں نے منظور کرتے ہوئے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی ہے جب کہ ان کے ساتھ نوجوان اداکار سورج پنچولی کو بھی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے جس کے بعد دونوں اداکار پہلی بار کسی بھی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق فلم کی ہدایتکاری کے فرائض ہدایتکار پریم سونی سرانجام دیں گے تاہم فلم کی کاسٹ اور شوٹنگ کے حوالے سے حتمی اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ فلم ’’دھڑکن‘‘ میں اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور شلپا شیٹھی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔