لاہور(آئی این پی) ہندوستان اور ترکی میں کامیابی کے بعد اب پاکستانی ڈرامے روس کے ٹیلی ویڑن چینلز سے نشر کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق روس کے ایک چینل نے پاکستانی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سیما طاہر خان کے ساتھ ان کے چار ڈرامے آن ایئر کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ ڈرامے انگلش سب ٹائٹل کے علاوہ مقامی زبان میں ڈب کر کے دکھائے جائیں گے۔ واضح رہے مذکورہ چاروں ڈراموں کی ڈبنگ ان دنوں فاروق سٹوڈیو میں کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈبنگ کے لئے پاکستان میں موجود روسی طلباء اور دیگر افراد کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔ روسی چینل سے نشر کئے جانے والے ڈراموں میں ’’خوشبو کا سفر‘‘،’’ من پیاسا‘‘،’’ محبت ہو گئی تم سے ‘‘ اور ’’ میں ستارہ ‘‘ شامل ہیں۔ان ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکاروں میں عدنان صدیقی ، صبا قمر ، میکال ذوالفقار ، اظفر رحمن ، نعمان اعجاز ، میرا ، ریجاعلی، حراترین ، سیمی پاشا اور ڑالے سرحدی سمیت متعدددیگر فنکار شامل ہیں۔