ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکاروں کی بھی کیا زندگی ہے سینہ ٹھونک کر کسی سے تعلق کو تسلیم نہیں کرتے لیکن جب یہی قربتیں دوریوں میں تبدیل ہوجائیں تو نام لئے بغیر زمانے کو اپنے دکھ بھی بتاتے ہیں اور یہی حال اس وقت پاکستانی نژاد اداکارہ نرگس فخری کا بھی ہے جن کی کئی برسوں تک ادے چوپڑا سے دوستی چلتی رہی لیکن کبھی کھل کر اعتراف نہیں کیا اور جب یہ دوستی ٹوٹی تو تنہائی کا رونا بھی رو رہی ہیں۔ نرگس فخری کے بالی ووڈ کے ناکام اداکار اور پروڈیوسر اْدے چوپڑا کے ساتھ انتہائی گہری دوستی کافی عرصے تک چلتی رہی، اس دوران دونوں کی کچھ تصاویر بھی منظر عام پر آئیں جس میں وہ اکٹھے چھٹیاں مناتے ہوئے پائے گئے لیکن دونوں نے ہمیشہ سے یہ ہی کہا کہ ان کے درمیان دوستی کے علاوہ کچھ نہیں۔ کچھ ماہ قبل بھارتی میڈیا میں خبر پھیلی کہ دونوں میں علیحدگی ہوگئی ہے جس کی تردید ادے کپور نے ٹوئٹر پر کی اور کہا کہ نرگس ان کی ہمیشہ سے گہری دوست تھیں اور ہے۔اْدے چوپڑا کے ساتھ تعلقات کی باتیں سنائی دینا بند ہوئیں تو اب نرگس نے خود ہی تنہائی کا رونا شروع کردیا ہے، اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر ہی بڑے ہی فلسفیانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کی ذہنی صحت اس کی جسمانی صحت پر بہت زیادہ اثرا انداز ہوتی ہے، دونوں کے درمیان ایک خاص تعلق ہوتا ہے اور تنہائی انسان کو اپنی زندگی سے بھی دور کردیتی ہے۔