ممبئی(این این آئی) پاکستانی اداکار فواد خان اب بالی ووڈ میں ایک قدم اور آگے بڑھنے جارہے ہیں جہاں وہ اداکاری کے میدان میں دبنگ سلمان خان کے ساتھ نظرآئیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی اداکارفواد خان جواپنی شانداراداکاری کے باعث بالی ووڈ انڈسٹری میں تیزی سے ترقی کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں اورخوب داد بھی حاصل کررہے ہیں۔ اداکار فواد خان بالی وڈ کی انڈسٹری میں ایک قدم اورآگے بڑھتے ہوئے اب سلمان خان کی فلم ‘‘جگل بندی’’ میں ان کے ساتھ ساتھ اداکاری کے جوہردکھائیں گے۔فواد خان سلمان کی فلم جگل بندی میں لندن سے تعلق رکھنے والے ایک موسیقارکا کردارادا کریں گے، اس سے قبل اس فلم میں فواد خان کی جگہ اداکارسیف علی خان کو کاسٹ کیا گیا تھا، اداکار کی معذرت کے بعد اب اس فلم میں فواد خان جلوہ گرہوں گے جب کہ فلم میں اداکارانیل کپوربھی اہم کردارادا کرتے نظرآئیں گے۔واضح رہے کہ فواد خان اپنی نئی آنے والی فلم ‘‘اے دل ہے مشکل’’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جب کہ وہ فلم ‘‘مولا جٹ ٹو’’ اور’’ایم ایس دھونی دا انٹولڈ اسٹوری’’ میں بھی جلوہ گرہوں گے۔