دبئی (نیوزڈیسک) پاکستانی سینماءگھروں میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھنے والی فلم نامعلوم افراد متحدہ عرب امارات کے سینماءگھروں میں ریلیز کر دی گئی ۔ فلم پروڈیوسر فضاءعلی مرزا نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی فلم یو اے ای باکس آفس پر بھی دھوم مچانے میں کامیاب ہو جائیگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014ءمیں ہماری انڈسٹری عالمی نمائش کیلئے تیار نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا جائیگا، بھارت ایک بڑی مارکیٹ ہے وہاں پاکستانی فلموں کو ریلیز کرنا مشکل کام ہے ، فلم کے سیکوئل پر کام ہو رہا ہے، جس کی تفصیلات کچھ عرصے بعد سامنے لائی جائینگی ، جن میں لوکیشن اور پلاٹ کی تفصیلات بھی شامل ہونگی ، انہوں نے کہا کہ مزید دو فلموں پر کام کرنے کے بعد نامعلوم افراد کے سیکوئل پر آئینگے۔فلم ڈائریکٹر نبیل قریشی نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ فلم دیکھنے والوں کے ذہنوں میں ہمیں یاد رکھنے والا عنصر ثابت ہوگی اور ہم اپنی اگلی فلم ملک کےساتھ بیک وقت عالمی سطح پر بھی ریلیز کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔