اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بولی وڈ اداکار سلمان خان نے واٹس ایپ پر خود سے منسوب ایک”جعلی“ پوسٹ کے خلاف ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں انھیں اپنے مسلم فینز کے بارے میں تلخ ریمارکس دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔انڈین اخبار کے مطابق سلمان خان کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ پر ایک ایسی پوسٹ گردش کر رہی ہے، جس میں ایک ہندی چینل کو دیئے گئے ان کے جعلی انٹرویو کا ایک اسکرین شاٹ شامل ہے۔اسکرین شاٹ کے اوپر سلمان خان کے حوالے سے یہ جملہ تحریر ہے،”میری فلمیں مسلمانوں کی حمایت کے بغیر بھی ہٹ ہوسکتی ہیں“۔اداکار کی جانب سے شکایت درج کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائم) کے ایم ایم پراسنا نے بتایا کہ اس معاملے کی انکوائری کی جارہی ہے۔تاہم سلمان خان سے اس حوالے سے رابطہ نہیں ہوسکا۔