کراچی(نیوز ڈیسک) سلمان خان کی فلم ”بجرنگی بھائی جان“ فلم آغاز سے ہی شہ سرخیوں میں جگہ بنا رہی ہے حالیہ ان کی فلم میں موجود عدنان سمیع کی آواز میں قوالی”بھر دو جھولی میری“کی جاری کردہ وڈیو نے جہاں بہت سے لوگوں کو محظوظ کیا وہیں پاکستان کے معروف صابری برادرز کو خفا بھی کردیا جس کا اہم سبب کاپی رائٹ کا مسئلہ ہے۔صحافیوں سے خصوصی گفتگو میں قوال امجد صابری کا کہنا تھا کہ ہم سے اجازت کے بغیر اسے نئے انداز میں ڈھالنا اور فلم میں شامل کرنا غیراخلاقی حرکت ہے، ہم سے پوچھنا ان پرلازم تھا کیونکہ یہ کوئی عام کلام نہیں ہے بلکہ ہمارے خاندان کی ملکیت ہے جو سات پشتوں تک ہمارا ہی رہے گا،یہ ہمارے چاچا مقبول صابری اور والد غلام فرید کا اثاثہ ہے۔فلم میں قوالی عدنان سمیع نے پڑھی ہے جب کہ اس کو کمپوز پریتم چکرورتی نے کیا ہے۔امجد صابری نے کہا کہ انھوں نے ہمارے بڑوں کی قوالی کے ساتھ بالکل انصاف نہیں کیا،میں نے وکیل کی خدمات حاصل کرلی ہیں میں فلم”بجرنگی بھائی جان“ کے پروڈیوسراورمیوزک کمپوزرپرمقدمہ دائر کروں گا، باقی مالک ہے جیت ہمیشہ حق پر ہونے والوں کی ہوتی ہے