ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ لیجنڈ اسٹار امیتابھ بچن نے اب کارٹون فلم میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ بچوں کی اینیمیٹڈ کارٹون سیریز میں سپر ہیرو کے طور پر چھوٹی اسکرین پر جلوہ گرہوں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امتیابھ بچن جلد سپر ہیرو کے طور پر ”ایسٹرا فورس“ نام کی ایک کارٹون سیریز میں نظر آئیں گے جس کی فلم بندی مشترکہ طور پر ”گرافک انڈیا“ اور ”ڈزنی“ کررہے ہیں جب کہ اس سپر ہیرو کی تخلیق ڈزنی کے سدھارتھ رائے کپور اور گرافک انڈیا کے سی ای او اور بانی شرد دیوراجن نے کی ہے اور یوں امیتابھ بچن نے معروف پروگرام ”کون بنے گا کروڑ پتی“ کے بعد چھوٹے پردے پر واپسی کی تیاری کرلی ہے۔ نشریاتی ادارے کے مطابق اس کارٹون سیریل کی مجموعی طور پر52 اقساط ہوں گی جسے 2017 میں نشر کیا جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویومیں امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا شعبہ تھا جس سے بالی وڈ کے کئی ستارے منسلک تھے لیکن ابھی تک اس سے ان کا رابطہ نہیں ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ خیال ہے کہ اس اینیمیٹڈ کارٹون میں وہ بچوں کے لیے ہنسی مذاق، اچھی فکراور اچھی کہانی لا پائیں گے اور یہ ایک بہترین کوشش ہوگی۔ امیتابھ بچن نے تسلیم کیا کہ آج کے بچوں کے پاس تفریح کے بہت سے ذرائع ہیں جن سے وہ اپنا دل بہلا سکتے ہیں جبکہ پہلے ایسا نہیں تھا۔