لاس اینجلس (نیوز ڈیسک)ایک زمانے میں ہالی ووڈ کے سب سے مقبول اور پرکشش ہیرو سمجھے جانے والے مصری اداکاری عمر شریف الزائمرز کی بیماری کا شکار ہو گئے ہیں، وہ اپنی یادداشت کھوتے جا رہے ہیں۔ مصری اداکار عمر شریف سنہ 1962 میں ہدایت کار ڈیوڈ لین کی کامیاب فلم ’لارنس آف اریبیا‘ میں اداکاری کے بعد عالمی سطح پر منظر عام پر آئے تھے۔ اس فلم میں معاون کردار ادا کرنے پر انھیں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ اس کامیابی کے بعد انھوں نے ڈیوڈ لین کی ہدایات میں ایک اور فلم ’ڈاکٹر ڑواگو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جس میں معاون کردار جولی کرسٹی نے ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے باربرا سٹریسینڈ کے ساتھ فلم ’فنی گرل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 83 سالہ اداکار کے ایجنٹ سٹیو کینس نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ عمر شریف کی بیماری اور دیکھ بھال کے حوالے سے مزید تفصیلات منظرعام پر نہیں آئیں۔ واضح رہے کہ عمر شریف کے بیٹے طارق الشریف نے 23 مئی کو ایک ہسپانوی اخبار ال منڈو کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بیماری کے بارے میں انکشاف کیا تھا۔