ممبئی (نیوز ڈیسک)نیشنل ایوارڈ یافتہ بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ اپنے فلمی کیرئیر کے آغاز میں انہیں کام حاصل کرنے کیلئے بہت پاپڑ بیلنا پڑے تھے۔ایک انٹرویو میں کنگنا رناوت نے کہاکہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر میں کیرئیر کا آغاز کیا۔فلمی پس منظر نہ ہونے اور ایک پسماندہ علاقے سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کنگنا نے کہا کہ آج انکے لیے اچھا کام حاصل کرنا کوئی مشکل کام نہیں رہا لیکن ابتدا میں انہیں ایک اچھوت اور فلم انڈسٹری سے باہر کی کوئی مخلوق سمجھا گیا۔کنگنا رناوت نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کام حاصل کرنے کے لیے ابتدائی دنوں کی جدوجہد آج بھی انکے ذہن پر نقش ہے جسے وہ کبھی بھلا نہیں پائیں گی۔کنگنا نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ 70اور 80کی دہائی میں کام کرنیوالے فنکار حقیقی ستارے تھے۔وہ لوگ اچھا پہنتے تھے ، اچھی عادات کے مالک تھے اور اپنے فن میں کمال رکھتے تھے۔ ہم ان کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہیں۔کنگنا رناوت نے کہا کہ میرے لیے اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے کہ دوسرے لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔میں اپنے کام سے کام رکھتی ہوں او راپنے مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہوں۔