لاہور( این این آئی)پاکستان موبائل فون مینوفیکچرننگ ایشوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے پاکستان میں بنائے گئے اسمارٹ فونز کی برآمدات پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مختلف شعبوں کی نامور شخصیات کے ذریعے موبائل سمیت دیگر پاکستانی مصنوعات کے استعمال کی مہم شروع کرے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان میں بنے فور جی اسمارٹ فونز کی پہلی کھیپ کی یو اے ای برآمد ایک بڑا کارنامہ ہے اوراس سے مقامی سطح پر موبائل فون انڈسٹری کو تقویت ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ برآمدات میں یہ پاکستان کے لیے بڑا دن ہے، یہ روایتی مصنوعات سے ہٹ کر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کی شروعات ہیں جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اربوں ڈالر کے درآمدی بل کو نیچے لانے کیلئے میڈ ان پاکستان کے تحت اپنی مصنوعات کے استعمال کی بڑی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔