اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کی معروف کنڑ فلم اداکارہ رانیا راؤ کو سونا اسمگلنگ کیس میں بھاری جرمانے کا سامنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے اداکارہ سمیت تین دیگر افراد پر دبئی سے 324 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر لانے کے الزام میں کارروائی کی ہے۔اداکارہ رانیا راؤ، جو سینئر آئی پی ایس افسر اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس چندر راؤ کی بیٹی ہیں، پر 127 کلوگرام سونا اسمگل کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 102 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر اس کیس میں شامل تمام ملزمان پر 271 کروڑ روپے تک کی مالی سزا مقرر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق جرمانے کی ادائیگی کے لیے کسی خاص مدت کا تعین نہیں کیا گیا، تاہم ملزمان کو فوری طور پر نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔یاد رہے کہ رانیا راؤ کو رواں سال مارچ میں بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 14.8 کلوگرام سونا برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا، جس کی مالیت تقریباً 12 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔ اس وقت اداکارہ اور دیگر ملزمان بنگلورو سینٹرل جیل میں قید ہیں، جبکہ رانیا راؤ نے اپنی گرفتاری کو بھارتی ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔