ٹوکیو(نیوز ڈیسک)مشہور سوشل میڈیا ”فیس بک“ نے واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا حاصل کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے اور قوی امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں واٹس ایپ صارفین کو اپنا ڈیٹا فیس بک کے ساتھ شیئر کرنے پر مجبور کر دیا جائے جس کے باعث بہت سے صارفین مایوس نظر آ رہے ہیں۔ 2 سال قبل جب فیس بک نے واٹس ایپ کو خریدا تو بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ فیس بک اپنی میسنجر ایپلی کیشن کیلئے واٹس ایپ کو بند کر دے گا یا پھر ان دنوں سروسز کو ایک ہی سروس میںبدل دے گا تاہم ایسا نہ ہوا اور واٹس ایپ صارفین کے تمام خدشات دور ہو گئے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ واٹس ایپ نے اپنی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت تمام صارفین کا ڈیٹا ان کے فیس بک اکاﺅنٹ کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا۔ یعنی واٹس ایپ کے ہر صارف کا ڈیٹا اس کے فیس بک اکاﺅنٹ کیساتھ شیئر ہو گا اور ایسا کرنے کی وجہ واٹس ایپ کے استعمال کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔ تاحال یہ آپشن واٹس ایپ صارفین کو مہیا نہیں کی گئی تاہم ایک ڈویلپر نے واٹس ایپ کے ”بیٹا“ ورژن میں یہ آپشن ڈھونڈ نکالی ہے اور اس کا سکرین شاٹ بھی اپ لوڈ کیا ہے۔