اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرح سماجی رابطے کی ویب سائٹس میں بھی مقابلہ جاری ہے، خاص طور پر فیس بک اور ٹوئٹر ایک دوسرے کے بڑے حریف ہیں لیکن اب تک فیس بک کو ٹوئٹر پر واضح برتری حاصل ہے۔ایک سروے کے مطابق لوگ ٹوئٹر پر سب سے زیادہ آتے ہیں لیکن اس کی پیچیدگیوں کی وجہ سے جلد ہی سائن ان ہونا چھوڑ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فیس بک کے ایکٹو صارفین کی تعداد ٹوئٹر سے کہیں زیادہ ہے اور اب فیس بک نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ پہلی بار ایک دن میں فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں لکھاہے کہ پیر کے روزدنیا میں رہنے والے ہر 7 میں سے1 فردنے اپنے خاندان اور دوستوں سے رابطے کے لیے فیس بک کا استعمال کیا۔ایک ماہ میں کم از کم ایک بار فیس بک استعمال کر نے والے صارفین کی تعداد تقریباً ایک ارب 50 کروڑ ہے لیکن ایک دن میں ایک ارب صارفین کا فیس بک استعمال کرنا بہت زیادہ تھا۔اکتوبر 2012ءمیں سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ کے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی تھی۔گزشتہ روز اپنی پوسٹ میں مارک زکربرگ نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک کے صارفین کی تعدادمستقبل میں مزید بڑھتی رہے گی۔مارک زکر برگ نے لکھا کہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہم نے ایک دن میں ایک ارب صارفین کا سنگ میل عبور کیا ہے اور یہ پوری دنیا کو باہم رابطے میں لانے کا آغاز ہے۔