اسلام آباد (سپیشل رپورٹ:زاہد منیر ) سوشل میڈیا کی اہمیت سے کسی طور انکار ممکن نہیں ، دنیا بھر میں لوگ روزانہ کئی گھنٹے سوشل میڈیا پر رابطے میں رہ کر ایک دوسرے سے روزمرہ کے معاملات،خبریں ، سماجی اور معاشرتی معاملات شیئرکرتے ہیں ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے بعد سوشل میڈیا نے پوری دنیا کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے اور روز بروز اس کے استعمال کرنے والوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، امریکی میگزین فورٹیون میں ’پیو ریسرچ سنٹر‘ کی جاری ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی خصوصاً سوشل میڈیانوجوانوں کیلئے پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے ، جامع مطالعاتی رپورٹ میں لڑکے اور لڑکیوں کے سماجی رابطے کے استعمال میں وسیع فرق سامنے آیا ہے ، سروے میں شامل نوجوانوں کی ایک بڑی تعدادکا کہنا کہ انہوں نے آئن لائن رابطے کے ساتھ کم از کم ایک دوست بنایا ہے ، جبکہ ایک چوتھائی سے زیادہ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے استعمال سے ان کے 5سے زیادہ دوست بنے ، یہاں پر لڑکے اور لڑکیوں کے درمیان آن لائن دوست بنانے میں واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے ، 78فیصد لڑکیوں نے فیس بک اور انسٹا گرام جیسی معروف سماجی سائٹس کے زریعے اپنے دوست بنائے جبکہ لڑکوں میں یہ تناسب کم دیکھنے میں آیا ہے جس میں 52فیصد لڑکوں نے سماجی رابطے کے استعمال سے اپنے دوست بنائے ، دوسری طرف 57فیصد لڑکوں کاکہنا ہے کہ آئن لائن گیمز کھیلنے کے دوران ان کے بہت سے دوست بنے ، لڑکیوں میں آئن لائن گیمز کے زریعے دوست بنانے کی شرح کم دیکھنے کو ملی جو صرف 13فیصد ہے ، ویڈیو گیمز کھیلنے کے لڑکوں میں بڑھتے ہوئے بتدریج اضافہ نے انکی سماجی زندگی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے ایک اندازے کے مطابق 84فیصد لڑکے زیادہ تر وقت آن لائن ویڈیو گیمز کھیلنے میں صرف کرتے ہیں ،زیادہ تر نوجوان لڑکے اکیلے یا پھر ان دوستوں کےساتھ آئن لائن گیمز کھیلتے ہیں جنہیں وہ پہلے سے جانتے ہوں ، مطالعاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لڑکے ویڈیو گیمز کو دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کیلئے لڑکیوں کی نسبت زیادہ استعمال کرتے ہیں جبکہ لڑکیاں اپنے دوستوں کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور موبائل پر ٹیکسٹ پیغامات کے زریعے رابطے میں رہتی ہیں ، آئن لائن سماجی رابطے کے زریعے نوجوانوں کی بڑی تعداد خود کو دوستوں کے ساتھ رابطہ میں رکھتی ہے ، 70فیصد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے مطابق وہ اپنے دوستوں کے ساتھ سوشل میڈیا کے زریعے رابطے میں آسانی محسوس کرتے ہیں ، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال صرف تعلقات قائم کرنے میں ہی نہیں بلکہ تعلقات ختم ہونے کا بھی باعث بن رہا ہے ، 53فیصد لڑکے اور63فیصد لڑکیاں اپنے پچھلے دوستوں کو ان فرینڈ کردیتے ہیں ، لڑکیاں اپنے ناپسندیدہ دوستوں کو اکثر بلاک یا پھر ان کی تصاویر کو ختم کردیتی ہیں ۔