نیویارک (نیوزڈیسک )ایپل نے اپنے نئے آئی پوڈ ٹچ کی لائن اپ کو بدھ کو متعارف کرا دیا۔یہ ایپل کی اس ڈیوائس میں 2012 کے بعد پہلی بڑی تبدیلی ہے جس کے نئے فیچر میں تیز پروسیسر، بہتر کیمرہ اور نئی فٹنس ٹریکنگ وغیرہ شامل ہیں۔درحقیقت یہ آئی پوڈ ٹچ ایپل کی جانب سے ایک آئی فون کی طرح کی ڈیوائس تیار کردی گئی ہے بس اس میں فون کرنے کی سہولت موجود نہیں۔یہ نیا آئی پوڈ ٹچ بدھ سے فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے جس کی قیمت 199 ڈالرز سے شروع ہورہی ہے اور اس میں وہی اے ایٹ پروسیسر ہے جو آئی فون سکس میں استعمال کیا گیا ہے۔اسی طرح اس کا رئیر کیمرہ بھی آئی فون سکس کی طرح 8 میگا پکسلز جبکہ فرنٹ کیمرے کی صلاحیت کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔اگرچہ آئی پوڈ ٹچ میں کسی سیل فون کے وائرلیس نیٹ ورک سے منسلک ہونے کی صلاحیت نہیں مگر اس میں وائی فائی کا آپشن موجود ہے جس سے صارفین ایپل کی نئی میوزک اسٹریمنگ سروس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔یہ ڈیوائس 16 جی بی، 32 جی بی، 64 جی بی اور 128 جی بی میموری کے ساتھ آیا ہے جن کی قیمتیں بالترتیب 199 ڈالرز، 249 ڈالرز، 299 ڈالرز اور 399 ڈالرز ہے۔آئی پوڈ ٹچ کو پانچ مختلف رنگوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں