واشنگٹن(نیوزڈیسک) سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 15 برس میں زمین پر غیرمعمولی سردی ہوگی جسے ایک ’’چھوٹے برفانی عہد‘‘ (منی آئس ایج) سے تعبیر کیا جارہا ہے۔سورج خاص عرصے کے بعد ایک کیفیت سے گزرتا ہے جسے ’’مونڈر منیمم‘‘ کہا جاتا ہے جو آخری مرتبہ 1646 سے شروع ہوا تھا اور 1715 تک جاری رہا تھا اس دوران سورج پر دھبوں (sun spot) کی سرگرمیاں بہت کم ہوجاتی ہیں جن کا زمین کے موسم پر براہِ راست اثر پڑتا ہے جب کہ اس عرصے میں یورپ اور امریکا میں موسمِ سرما انتہائی شدید تھے یہاں تک کہ برطانیہ کا مشہور دریائے ٹیمز مکمل طور پر منجمند ہوگیا تھا۔سورج پر دھبوں کی کم ہوتی ہوئی سرگرمیوں کو سورج کی ’’عارضی نیند‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق 2030 کے پورے عشرے یعنی 10 سال تک سورج کی سرگرمیاں اور دھبے 60 فیصد تک کم ہوجائیں گے اور ان کا براہِ راست زمین پر اثر ہوگا جس کے نتیجے میں اگلے 15 برس کے دوران زمین پر غیر معمولی سردی ہوگی۔ ماہرین کے مطابق زمین پر سردی کی لہر کم ازکم 10 سال تک جاری رہے گی۔