کراچی(نیوزڈیسک)زمین طاقتور ترین شمسی طوفان کی زد میں آگئی ہے جس سے بجلی کی ترسیل اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ سیٹلائٹس کے کام میں بھی رخنہ پڑنے کا خدشہ ہے۔اس ضمن میںامریکی خلائی ادارے ناسا کے موسمیاتی مرکز نے رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق طاقتور ترین شمسی طوفان گزشتہ رات زمین سے ٹکرایا ہے۔ابھی شمسی طوفان اپنی ابتدائی ترین سطح پر ہے جس کی شدت میں آئندہ ایک دو دن میں اضافہ متوقع ہے۔ سائنسدانوں نے کہا ہے کہ شمسی طوفان کے نتیجے میں زمین انتہائی توانائی والے ذرات کی بمباری کی زد میں ہے۔ توانائی سے بھرپور یہ ذرات زیادہ تر سیٹلائٹس کے بارے میں فکرمندی کا سبب ہیں جن کے کام میں وہ رخنہ ڈال سکتے ہیں۔ساتھ ہی خلابازوں کےلئے بھی یہ باعث تشویش ہے، اس کے علاوہ بجلی کی ترسیل اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق شمسی طوفان سے جنم لینے والے بے انتہا توانائی والے یہ ذرات زمین کے قطبین کے قریب سفر کرنے والے جہازوں کے مواصلاتی رابطوں میں بھی خلل ڈال سکتے ہیں۔