لندن (نیوز ڈیسک) الیکٹرانکس مصنوعات بنانے والے ادارے ایل جی نے ٹی وی کا نیا ماڈل متعارف کروایا ہے جس کی کل موٹائی1ملی میٹر ہے جبکہ وزن میں انتہائی کم ہونے کی وجہ سے اسے دیوار میں میگنٹس کی مدد سے بھی ٹانگا جاسکتا ہے۔ 55انچ کی سکرین والے اس ٹی وی کا کل وزن چار پونڈ ہے جو کہ کسی بھی لیپ ٹاپ کے برابر ہوسکتا ہے۔ اس ٹی وی کو مارکیٹ میں وال پیپر ٹی وی کے نام سے جانا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں کوریا میں ٹی وی کی تعارفی تقریب میں کمپنی نے ٹی وی کو دیوار پر نصب کرنے کیلئے ایک میگنیٹک میٹ استعمال کیا تھا۔ اس میٹ کی مدد سے ٹی وی کو دیوار پر بھی لگایا جاسکتا ہے اور با آسانی یہاں سے اتارا بھی جاسکتا ہے۔ او ایل ای ڈی ٹی وی کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹی وی کی مارکیٹ میں ایک نیا رجحان متعارف کروانے کی ایک کوشش ہے اور اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ ایل جی نے اس کے ڈسپلے کے لئے ہائی مالیکیولر سبسٹینس کی بنیاد پر تیار پولی مائیڈ فلم کو بیک پلان کے طورپر استعمال کیا ہے۔ روایتی طور پر یہاں پلاسٹک استعمال کی جاتی ہے۔ پولی مائیڈ فلم کی مدد سے پینل کی موٹائی کو بھی کم کرنے میں مدد ملی ہے جس کی وجہ سے اس کے اندر لچک بھی پیدا ہوگئی ہے۔ ایل سی ڈی کے برعکس یہ بیک لائٹ کی عدم موجودگی میں ہی روشنی کو خارج کرتی ہے۔ ایل جی نے اعتراف کیا ہے کہ اس ماڈل کی کمرشل سطح پر تیاری قدرے مشکل ہے تاہم وہ امید کرتے ہیں کہ وہ جلد ہی کوئی راستہ تلاش کرلیں گے۔ ایل جی کا کہنا ہے کہ وہ اس شعبے میں مزید تجربے کرتے ہوئے سکرین کے سائز کو مزید وسیع تر کریں گے اور کوشش ہوگی کہ یہ 99 انچ تک ہو۔ کمپنی رواں برس کے دوران پچپن، 66 اور77انچ والے او ایل ای ڈی پینل پہلے ہی ریلیز کرچکا ہے۔