اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گوگل اور ایپل کی مخاصمت کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن حال ہی میں یہ چپقلش اس وقت نئی انتہاوں کو پہنچ گئی جب گوگل میپس میں اس لڑائی کا نہایت منفرد منظر ظاہر ہوا اور اس کا مقام پاکستان کے شہر راولپنڈی کو چ±نا گیا۔گوگل میپس میں راولپنڈی کو سرچ کرنے پراس شہر کے نواح میں گوگل اور ایپل کے لوگو قابل اعتراض حالت میں نظر آتے رہے۔ اس تصویر میں گوگل اینڈرائڈ کا روبوٹ نما لوگو ایپل کے سیب نما لوگو پر پیشاب کرتا نظر آیا۔ گوگل میپس میں راولپنڈی شہر کو سرچ کرنے والے اکثر صارفین کا کہنا تھا کہ وہ یہ دیکھ کر حیران تھے کہ یہ منظر گوگل میپس کا حصہ کیسے بنا۔ جریدے ”بزنس انسائیڈر“ کے مطابق گوگل نے تصدیق کی کہ یہ معاملہ ان کے علم میں تھا اور اس ضمن میں مطلوبہ اقدامات بھی کئے گئے تھے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق کسی جذباتی صارف نے یہ تصویر گوگل کے میپ ایڈیٹنگ کے لئے استعمال ہونے والے سافٹ ویئر MapMaker کے ذریعے گوگل میپس میں شامل کی تھی، تاہم اب اسے ہٹایا جاچکا ہے۔