اسلام آباد/پشاور/گلگت/مظفر آباد (این این آئی)پاکستان کے شمالی اور وسطی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی،زلزلے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، عمارتوں سے باہر نکل آئے۔محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق زلزلہ 10 بج کر 50 منٹ پر آیا جس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے صوبہ پنجاب میں سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، چکوال میں، صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاور، ایبٹ آباد، سوات، مالاکنڈ، دیر کے علاوہ مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی 223.8 کلومیٹر گہرانی میں تھا جبکہ اس کی شدت 5.2 تھی۔زلزلے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، عمارتوں سے باہر نکل آئے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل جنت گل آفریدی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کیجھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم کو اب تک کسی قسم کے نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی، عوام ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم کو 1700 پر دیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکے پنجاب اور ہریانہ کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے سری نگر اور پونچھ میں بھی محسوس کیے گئے۔خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں ملک کے مختلف علاقوں میں 21 اور 22 مارچ کی درمیانی شب 6.8 شدت کے زلزلے سے خیبر پختونخوا میں 10 افراد جاں بحق 62 زخمی ہوئے تھے۔زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھے۔پاکستان کے علاوہ افغانستان اور بھارت کے بعض علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔