کراچی (این این آئی)جانوروں کے کھانے کے لائق نہ رہنے والی گندم چکیوں اور فلار ملز کو دے دی گئی، سرکاری گوداموں میں گندم کی دو لاکھ بوریاں خراب ہوگئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کے سرکاری گوداموں میں گندم خراب ہونے کے معاملے پر 2لاکھ سے زائد خراب گندم زبردستی چکی مالکان کو دے دی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چکیوں اورفلارملز دی جانے والی گندم جانوروں کے کھانے کیلائق بھی نہیں، فلار ملز اور چکی مالکان خراب گندم مکس کر کے آٹا مارکیٹ میں سپلائی کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ملیر منزل پمپ گودام میں گندم کی 2لاکھ بوریاں خراب ہوگئی تھیں، محکمہ فوڈ سندھ کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لییخراب گندم سپلائی کی۔ذرائع کے مطابق فوڈ کنٹرول اتھارٹی فوری آٹے کا معیار چیک کریں تو معاملہ واضح ہو جائے گا۔
یاد رہے رواں ماہ ہی سرکاری گوداموں میں ہزاروں گندم کی بوریاں خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا، کام کی نااہلی کی وجہ سے ملیر منزل پمپ گودام میں گندم کی 2 لاکھ بوریاں خراب ہونے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گند م کی بوریاں اس قدر خراب ہوگئی ہیں کہ وہ اب جانوروں کے کھانے کے لائق بھی نہیں رہی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے اس حوالے سے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے گندم خراب ہوئی۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ اس سے قبل 3 لاکھ بوریاں زبردستی فلارز ملز کو دی گئی تھیں۔