کراچی(این این آئی)حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور اضافے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت
پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت پر 35 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت پر 18 روپے اضافہ کیا گیا۔ایم کیو ایم پاکستان کی ڈپٹی کنوینئر نسرین جلیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا اور اس کا اثر براہِ راست روزمرہ استعمال کی اشیاء ضروریہ پر پڑے گا، ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ورکنگ کلاس پر ٹیکس حملے کرنے کے بجائے فی الفور زرعی ٹیکس نافذ کرے، وڈیرے جاگیرداروں کے خوف سے زرعی ٹیکس نہ لگانا پاکستان اور عوام سے دشمنی کے مترادف ہے،کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے جس سے عوام میں اشتعال اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔نسرین جلیل نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فلفور واپس لینے کا حکم دیں۔