لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ ویلنشیاء ٹاؤن میں والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر محمد رمضان نامی 12 سالہ لڑکے نے اپنی گردن میں پھندہ لے کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ 12 سالہ محمد رمضان کے والدین کے مطابق وہ متوفی کو پڑھنے کی تاکید کرتے تھے اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں سے منع کیا
کرتے تھے۔ جس سے دلبرداشتہ ہو کر ان کے بیٹے نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جس نے 12 سالہ رمضان کے جسد خاکی کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی وصولی کے بعد مقدمہ کی تفتیش کی سمت مقرر کی جاسکے گی۔دوسری جانب نئی پینٹ کی خریداری کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر ایک 12 سالہ بچے ثقلین نے گلے میں پھندہ ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔ پوسٹ کے مطابق کاہنہ کے علاقہ ناز ٹاؤن کے رہائشی 12 سالہ ثقلین نے اپنی والدہ سے نئی پینٹ کی خریداری کا مطالبہ کیا لیکن غربت کے باعث متوفی کی والدہ نے پینٹ خرید کر دینے سے انکار کردیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر متوفی ثقلین نے گھر میں ہی گلے میں پھندہ لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ایک اور واقعہ میں فیروز پور روڈ کے علاقہ والٹن فلائی اوور کے قریب گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر محمد شفیق نامی شخص نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، پولیس نے اپنی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، پولیس کے مطابق متوفی محمد شفیق نے فیروز پور روڈ پر واقعہ والٹن فلائی اوور سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ متوفی اپنے گھریلو حالات سے تنگ تھا۔