اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگلے الیکشن میں شاید شیخ رشید پاکستان پیپلز پارٹی سے ٹکٹ لینے کے خواہش مند ہیں، اس لیے شیخ رشید پیپلز پارٹی کی قیادت کی تعریف کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کسی ایم این اے نے اسپیکر کو براہ راست استعفیٰ نہیں بھجوایا، اراکین اسمبلی نے استعفے پارٹی لیڈرز کو
جمع کروائے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ آج دو جعلی استعفوں پر انھوں نے خبریں چلا دیں، مسلم لیگ ن نے پارٹی قیادت کو استعفیٰ جمع کروائے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ جب کوئی کرنسی مضبوط ہوتی ہے تو اس کے نقلی نوٹ چھاپے جاتے ہیں تاہم وہ نقلی نوٹ اصل کرنسی کا متبادل نہیں ہوتے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ گزشتہ روز پولیس لائن میں وہی تقریر کی جو کنٹینر پر کرتے تھے، وزیراعظم نے تقریر میں اپوزیشن کی کردار کشی کی، وزیراعظم کی تقریر ہٹلر کی یاد دلاتی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی پولیس کو مخالفین کو کچلنے کے لیے استعمال کررہے ہیں، وزیراعظم کی تقریر نے ثابت کردیا کہ وہ اداروں کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت میں بھی عمران نیازی نے اپوزیشن کے کردار کشی کی تقریر کی تھی، عمران نیازی پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو سیاسی بنارہے ہیں، اپوزیشن کی کردار کشی ذہنی پسماندگی کی نشانی ہے۔