لاہور(این این آئی)حکومت کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر ، کورونا ایس او پیز اور لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے خلاف دو الگ الگ مقدمات در ج کرلئے گئے۔
سینئر لیگی رہنمائوں سعدرفیق ، ایاز صادق ، عطا اللہ تارڑ ، میاں جاوید لطیف اوررانامشہودسمیت 18نامزداور400سے 500 نامعلوم افراد کیخلاف تھانہ شیرا کوٹ جبکہ پیپلزپارٹی کے 10 نامزد اور 150سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمے کا اندراج کیاگیا ۔ اے ایس آئی منصف علی کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد حکومت کیخلاف لائوڈ سپیکر پر تقاریر کرتے رہے اورعوام الناس کوحکومت کے خلاف اشتعا ل دلاتے رہے کہ 13دسمبر کے جلسے میں شامل ہو کر حکومت کاتختہ الٹ دو ۔ مقدمہ انسداد کرونا ایکٹ،ایمپلی فائر ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ مال روڈ پر جلوس نکالنے پر پیپلز پارٹی کے 10 نامزد 150 کے قریب نامعوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔مقدمہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اے سی سٹی کی مدعیت میں سول لائن تھانے میں درج کیاگیا ۔