اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چرواہے کے بیٹے علی رضا کو مہران یونیورسٹی میں اسکالر شپ پر داخلہ مل گیا،اس موقع پر اس کے خوشی سے آنسو نکل آئے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق علی رضا کو مہران یونیورسٹی جامشورو
میں اسکالرشپ پر داخلہ مل گیا ہے۔یاد رہے کہ کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں غریب چرواہا تعلیم حاصل کرنے کے شوقین بیٹے کو کہتا ہے کہ پڑھائی چھوڑو، چار آنے بھی نہیں ہیں، ویڈیو وائرل ہونے پر مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر اسلم عقیلی نے نوٹس لیا اور علی رضا کو مہران یونیورسٹی جامشورو میں اسکالرشپ پر داخلہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا کے تمام تعلیمی اخراجات یونیورسٹی خود برداشت کرے گی، علی رضا نے انٹری ٹیسٹ بھی پاس کیا لیکن ان کے پاس تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لئے رقم نہیں تھی، اب اسے شعبہ مائننگ انجینئرنگ میں داخلہ مل گیا ہے، علی رضا یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے لیٹر لیتے وقت اشک بار ہو گیا۔