لاہور( این این آئی)قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے نمبر پلیٹوں اور سمارٹ کارڈز کے اجرا ء میں غیرمعمولی تعطل کی اطلاعات پر نوٹس لے لیا ،2014 سے 2017 کے دوران میسرز ان باکس بزنس ٹیکنالوجیز سے ہونیوالے کنٹریکٹ ،سمارٹ کارڈ کے سیکیورٹی فیچرز اور اجرا کی مکمل تفصیلات ،گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا ء کیلئے مروجہ طریقہ کار
اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے ہونیوالی خط و کتابت سمتی دیگر تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کے احکامات پر سیکرٹری ایکسائزوجیہہ اللہ کنڈی اور ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن مسعودالحق نے نیب لاہور میں آکر بریفنگ دی ۔نیب کی جانب سے گزشتہ سال اگست میں ہونے والی میٹنگ پر خاطر خواہ پیشرفت نہ ہونے پر دوبارہ بریفنگ کیلئے طلب کیاگیا۔ نیب ترجمان کے مطابق سیکرٹری ایکسائز نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2019 کے اواخر تک ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے پاس نمبر پلیٹوں کا مکمل سٹاک ختم ہوچکا تھا،تکنیکی و قانونی وجوہات کی بنا ء پر تاحال عوام کو نمبر پلیٹوں و سمارٹ کارڈ کے اجرا میں مشکلات درپیش رہیں ،محکمے کو فی الوقت 15 لاکھ 37 ہزار سے زائد نمبر پلیٹوں کے بیک لاگ کاسامنا ہے،گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ایگریمنٹ کے تحت این آر ٹی سی سے کم قیمت میں نمبر پلیٹیں تیار کرنے کا معاہدہ کیا جا رہا ہے،نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سے جی ٹو جی ایگریمنٹ منظوری کیلئے سمری وزیراعلی آفس ارسال کی جا چکی ہے،سروسز اینڈ جنرل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رواں سال مئی میں کنٹریکٹ منظوری کے بعد پنجاب گزٹ میں نوٹیفکیشن بھی جاری کروایا جا چکا ہے ۔نیب لاہور کے مطابق پیپرا سے سنگل بڈنگ کے حوالے سے رولز میں وضاحت لینے کے باوجود محکمہ ایکسائز نے میسرز ان باکس کی بڈنگ منسوخ کی۔نیب لاہور نے موجودہ ممکنہ ریٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے2014 سے
2017 کے دوران میسرز ان باکس بزنس ٹیکنالوجیز سے ہونیوالے کنٹریکٹ کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔سمارٹ کارڈ کے سکیورٹی فیچرز اور اجرا کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کی جائیں،گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا ء کیلئے مروجہ طریقہ کار اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے ہونیوالی خط و کتابت کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔ نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بتایا جائے ماضی میں بڈنگ میں ابتدائی طور پر شریک 4 میں سے 3
کمپنیوں کے بعد ازاں بڈنگ میں شمولیت سے انکار کی وجوہات کیا تھیں،عدالت و پیپرا سے منظوری کے باوجود میسرز ان باکس کے بڈنگ سے منحرف ہونے کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جائے ۔این آر ٹی سی سے ہونیوالے حالیہ معاہدہ کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ نیب لاہور کے اے اینڈ پی ونگ کی جانب سے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو ماہانہ بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ نیب لاہور نے کہا ہے کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے نیب ہر نوعیت کے اقدامات اٹھانے سے گریز نہیں کیا جائے گا ،عوامی مفاد کیلئے نمبر پلیٹوں کی جلد فراہمی اور بیک لاگ کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کروانا چاہتے ہیں۔