لاہور( این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ اوقاف پنجاب نے مساجد اور مزارات میں فلم اور ڈرامے کی ریکارڈنگ پر پابندی عائد کردی ۔اس ضمن میں محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ اوقاف کے زیرسرپرستی مزارات اور مساجد میں کسی بھی خاتون پر کوئی بھی سین عکسبند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔مساجد یا مزارات پر کوئی سین عکسبند کیا گیا تو متعلقہ منیجر اور زونل ایڈمنسٹریٹر ذمہ دار ہوگا۔مسجد یا مزار پر کسی دستاویزی فلم کی اجازت شعبہ مذہبی امور کی مشاورت سے مشروط ہوگی۔ 544 مزارات اور 437 مساجد محکمہ اوقاف کے زیر انتظام ہیں۔دریں اثنامحکمہ اوقاف کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے اجازت نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاہور کی مسجد وزیر خان میں رقص کیا۔لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو محکمہ اوقاف نے فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق اب تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے اجازت نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رقص کیاہے۔ادھر ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس محکمہ اوقاف نے بھی اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں اداکاروں کی جانب سے خلاف ضابطہ ڈانس کی تصدیق کر دی ہے۔