اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) 24 نیوز سمیت دیگر چینل پر پاکستانی پائلٹس کو نکالے جانے کی خبریں جھوٹ پر مبنی قرار،تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل چینل 24 نیوز نے خبر دی کہ کویت ائیرویز نے 7 پاکستانی پائلٹس اور 56 انجینئرز کو گراؤنڈ کردیا ہے۔
اس جھوٹی خبر کو پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ اور دیگر پی پی ارکان نے بھی شیئر کیا اور مطالبہ کیا کہ وزیر ہوابازی غلام سرور خان کو فوری طور پر ہٹایا جائے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستانی پائلٹس کو ہٹایا جارہا ہے۔کویت ائیرویز نے اس خبر کو جھوٹ پر مبنی قرار دیدیا اور کہا کہ ایئرویز میں کوئی پاکستانی پائلٹ تعینات نہیں البتہ 13 پاکستانی انجینئرز پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں،کویت ائیرویز نے کہا کہ برطرفی کا معاملہ تو اس وقت پیش آتا جب ہمارے یہاں کوئی پاکستانی پائلٹ کام کر رہا ہوتا۔ فی الحال ایک بھی پاکستانی پائلٹ نہیں ہے کسی کو ملازمت سے نکالنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔دوسری جانب پیمرا نے اس جھوٹی خبر پر ایکشن لے لیا ہے ،اس خبر کو نشر کرنیوالے چینلز 24 نیوز، اے آروائی، دنیا نیوز، پبلک نیوز، جی ٹی وی کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے اور ان چینلز کو معذرت نشر کرنے کی ہدایت کی ۔