کراچی (این این آئی)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مغربی ہواوں کا سسٹم بدھ سے ہفتے تک بارش برسانے کا سبب بن سکتا ہے ، کراچی میں منگل کے بعد سے گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سسٹم ملک کے بالائی اور وسطی حصے میں بارش کا باعث بن سکتا ہے، کے پی، کشمیر، گلگت، بلوچستان، اسلام آباد میں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی لاہور اور دیگر حصوں میں بھی بدھ سے ہفتے کے دوران بارش کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ، ژوب، پشین، زیارت اور دیگر حصوں میں بھی بارش اور گرد آلود آندھی چلنے کا امکان ہے۔دیر، سوات، شانگلہ، پشاور، مردان اور دیگر حصوں میں بھی تیزبارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کراچی میں جمعرات سے جمعہ کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے،جبکہ بدھ سے جمعرات کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا۔