کراچی (این این آئی)ایف بی آر نے ایک لاکھ امیر اور بڑے ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کر دیئے جب کہ مزید ایک لاکھ افراد کو اگلے ہفتے ٹیکس نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کو اربوں روپے کی بینک ٹرانزکشن کی معلومات حاصل ہو گئی ہیں اور مزید مرحلہ وار ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ایف بی آر کی ممبر آپریشنز سیما شکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن ایک لاکھ افراد کو نوٹس بھیجے گئے ہیں ان کی مکمل نشاندہی کی گئی ہے اور یہ تمام ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ نہیں اور
امیر لوگ ہیں، ٹیکس نوٹسز کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ جن 6 ہزار بڑے ٹیکس نادہندگان کو نوٹس بھیجیگئے تھے ان میں سے اکثریت نے ٹیکس رجسٹریشن حاصل کر لی، ڈسکوز کا ڈیٹا اپ ڈیٹ نہیں ہے اور ڈسکوز سے کہا گیا ہے کہ وہ بجلی کی صارفین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کریں۔ ممبر آئی آر پالیسی ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے کہا کہ کہ کتابوں، کاپیوں، ادویات پر کوئی سیلز ٹیکس نہیں، سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کی تعداد اڑھائی لاکھ سے زائد ہے لیکن ان میں سے اصل سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کی تعداد 41 ہزار ہے۔