اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ حکومت کے اپنے لوگ اب حکومت سے تنگ آ چکے ہیں ان کے اراکین ن لیگ سے رابطہ کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت گری ہوئی ہے اسے گرانے کی ہمیں ضرورت نہیں،
حکومت اپنی مدت پوری کرتی ہوئی نظر نہیں آ رہی اور اب یہ حکومت سنبھل بھی نہیں سکتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت سنبھل نہ سکی تو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت خود جمہوری طریقے سے دوبارہ الیکشن کروا دے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اصل ایشو عوام کے مسائل ہیں آج کے اجلاس میں نیب کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جس میں بہت سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنے انٹرویو کی ابھی تک کوئی تردید نہیں کی حالانکہ اس کی تردید آنی چاہیئے تھی، انہوں نے جو باتیں کیں وہ نیب کا دائرہ اختیار نہیں ہے، نیب کی حقیقت اب سامنے آچکی ہے، نیب کا عمل انتقامی ہے یہ احتساب نہیں بلکہ صرف سیاسی کرپشن کا ذریعہ ہے اور ملکی رسوائی کا سبب ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم عوامی مسائل پر بات کرنے کے لیے مشترکہ حزب اختلاف چاہتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے لے کر ہر وزیر جھوٹ بولتا ہے،ہم سب کے ساتھ مل کر ملک کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ عید کے بعد پارلیمان کے اندر اورپارلیمان کے باہر احتجاج کریں گے، شہباز شریف جلد واپس آجائیں گے مریم نواز کا سیاست میں اور پارٹی کے اندر اپنا کردار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (اّئی ایم ایف) کی شرائط عوام کے سامنے رکھنی چاہیئے کیونکہ اس پر شکوک پائے جاتے ہیں حکومت نے ایک چیز کو ٹھیک کرنے کی خاطر سب تباہ کردیا کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ معاشی حالات اتنے خراب ہوجائیں گے،انہوں نے خبردار کیا کہ پالیسی ریٹ ابھی اور اوپر جائے گا۔