لاہور(آئی این پی)پنجاب میں سینیٹ انتخاب کے حوالے سے وزیراعظم نے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو بڑے ٹاسک سونپ دیئے، تحریک انصاف اور اتحادیوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس 14 نومبر کو طلب کر لیا۔پندرہ نومبر کو پنجاب میں دو نشستوں پر سینیٹ کا انتخاب ہونا ہے جس کیلئے لاہور میں حکومت کے اہم رہنماوں کی بڑی بیٹھک ہوئی، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور جہانگیر ترین کی سینٹ انتخاب کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔وزیراعظم نے سینیٹ انتخاب کے حوالے سے بھرپور تیاری کی
ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ الیکشن کو آسان نہ سجھا جائے، ارکان اسمبلی سے رابطوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماوں پر واضح کیا کہ سینیٹ انتخاب کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کریں، وزیراعلی اور گورنر ملکر سینیٹ انتخاب میں پارٹی کامیابی کے لئے کام کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ ڈویژن کی سطح پر ارکان اسمبلی سے سینیٹ کے لئے رابطے کئے جارہے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی 14 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔