سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابات قریب آتے ہی ووٹوں کی خرید و فروخت بھی شروع ہوگئی ہے مختلف مقامات پر ووٹ کا ریٹ 1 ہزار سے 2 ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر مختلف امیدوار ووٹرز کو موبائل وغیرہ خرید کر بھی دے رہے ہیں تاکہ ووٹ حاصل کیا جاسکے امیدواروں کی بڑی تعداد ووٹ حاصل کرنے کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم چلانے میں بھی مصروف ہے ۔
کئی امیدواروں کو سرگودھا سمیت ملک بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس بھی جاری کردیئے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔دوسری جانب امیدواروں کے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے پینا فلیکس اتارنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے محکموں نے پینا فلیکس اتار کر انہیں نذر آتش کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے مختلف اضلاع میں اتارے گئے پینا فلیکس رکھنے کی جگہ بھی کم پڑ گئی ہے جس پر انہیں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں پر پھینکا جارہا ہے جس پر امیدواروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رویہ ٹھیک نہیں ہے انتظامیہ پینا فلیکس اتار کر کہیں اچھی جگہ پر پھینک دے کوڑا کرکٹ پر پھینکنا درست نہیں ہے دوسری طرف امیدواروں نے پینا فلیکس کی جگہ اپنے جھنڈے لگانا شروع کردی ہیں کیونکہ جھنڈوں کے بارے میں واضح نہیں ہے یہ لگائے جاسکتے ہیں کہ نہیں کیونکہ جھنڈوں پر کسی بھی قسم کے امیدواروں کے نام وغیرہ نہیں ہیں تاہم اب امیدواروں نے اپنے حلقہ اور ناموں کیساتھ جھنڈے پرنٹ کروانا شروع کردیئے ہیں انتظامیہ نے تمام اضلاع میں قریب قریب دفاتر قائم کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کم از کم 2 ہزار گز کے فاصلے پر دفاتر قائم کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
علاوہ ازیں انتخابات شفاف بنانے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ذرائع کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر فوج 27 جولائی تک تعینات رہے گی تاکہ کسی بھی گڑ بڑ سے بچا جاسکے تمام امیدواروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے پرہیز کریں بار بار خلاف ورزی کرنے پر امیدوار کو نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔