لاہور( این این آئی)کراچی سے اسلام آباد جانے والی پروازکو خراب موسم کی وجہ سے لاہور اتار لیا گیا ، طیارے میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی موجودگی کی اطلاع پر ائیر پورٹ انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں، چیف جسٹس وی آئی پی اسٹیٹ لاؤنج کی بجائے مسافروں کے ساتھ انتظار گاہ میں بیٹھ گئے ۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 308نے کراچی سے اسلام آباد کے لئے اڑان بھری تاہم موسم کی خرابی کے
باعث کپتان نے لاہور ائیر پورٹ پر رابطہ کیا اور اجازت ملنے پر طیارے کو لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کرا دیا گیا ۔ طیارے میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی موجودگی کی اطلاع پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور دیگر انتظامات کرنے کے ساتھ وی آئی پی اسٹیٹ لاؤنج کو بھی کھول دیا گیا ۔ چیف جسٹس پاکستان نے وی آئی پی لاؤنج میں بیٹھنے کی بجائے مسافروں کے ساتھ انتظار گاہ میں بیٹھ گئے ۔