اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں تیز ہوائیوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں،محکمہ موسمیات نے شہروں کے نام جاری کردیئے، تشویشناک پیش گوئی کردی گئی،تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں اور خیبرپختونخوا کے چند شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہے گا۔اسلام آباد میں سب سے زیادہ
بارش بوکرہ میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی صبح سویرے سیاہ بادل چھا گئے جس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور بوندا باندی کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔لاہور کے علاقوں ڈیوس روڈ، مال روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا ٗچکوال شہر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم سہانا ہوگیا۔جہلم، مری اور گرد و نواح میں بھی کالی گھٹائیں چھائی رہیں اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ٗمنڈی بہاؤ الدین سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود رہا تاہم پنجاب کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔خیبرپختونخوا کے شہر سوات اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے ٗمحکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں مزید ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔دوسری جانب خاران، نوشکی، چاغی، نوکنڈی، دالبندین اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں صبح ریکارڈ کیا گیا ٗکم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 16، خضدار میں 21، بارکھان اور پنجگور میں 23، سبی اور لسبیلہ میں
26، گوادر اور پسنی میں 27، دالبندین اور ژوب میں 22 جب کہ تربت میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔صوبائی دارالحکومت کراچی اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی جس سے شہری پریشان دکھائی دیئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ٗ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔