اسلام آباد /لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن( کے صدر اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں سفارتی نمائندوں کی پنجاب کانفرنس میں شرکت کے لئے پہنچے تو سفارتکاروں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا ۔ پنجاب کانفرنس میں 50سے زائد سفارتی نمائندوں ، سفیروں، ہائی کمشنر زنے شرکت کی ۔ وزیراعلی نے اپنے خطاب میں سفارتکاروں کی آمد پر پرتپاک انداز میں شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد
آپ سے پہلی ملاقات میرے لئے بے حد اہمیت کی حامل ہے۔وزیراعلی نے اپنے فکر انگیز اور مدلل انداز میں مختلف قومی اور صوبائی امو رپر گفتگو کی ۔تقریب کے آغاز میں حکومت پنجاب کے مختلف اختراعی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں دستاویز ی فلم پیش کی گئی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سینیٹر مشاہد حسین سید نے سرانجام دئیے۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف آج کل گریٹ فارم میں ہیں ۔وزیراعلی شہبازشریف نے سوال وجواب کے سیشن میں عربی ، فرنچ ،انگریزی اور دیگر زبانوں میں گفتگو کی۔مختلف ممالک کے سفیر وزیراعلی شہبازشریف کو اپنی قومی زبا ن میں شستہ اور روا لہجے میں گفتگو کرتے دیکھ کر خوشگوار حیرت کا شکار ہوئے۔وزیراعلی نے پنجاب میں تعلیم ،صحت ،زراعت ،ٹیکنیکل ایجوکیشن ،خواتین کی ترقی اور دیگر امور کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی۔ وزیراعلی نے اپنی گفتگو کے دوران سی پیک کو افادیت کے لحاظ سے Sea in Packقرار دیاتو حاضرین نے پرجوش تالیاں بجائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم وقت کی رفتار کے ساتھ بھاگ رہے ہیں۔وزیراعلی نے ٹریفک مینجمنٹ کے لئے سویڈن کے تعاون کو ’’سویڈش منی سی پیک قرار دیا‘‘وزیراعلی کے ساتھ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب ، سرتاج عزیز ، ہارون اختر خان ، صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشاہد حسین سید ،
چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب ، دیگر متعلقہ صوبائی سیکرٹریز بھی موجو د تھے۔حاضرین نے مختلف زبانیں بولنے پر وزیراعلی شہبازشریف کو ہفت زباں وزیراعلی قرار دیا۔وزیراعلی نے گفتگو کا اختتام علامہ اقبال کے شعر پر کیا ۔انہوں نے کہاکہ تہران او رانقرہ میں علامہ اقبال کو اقبال لاہوری کہا جاتاہے ۔ انہوں نے اقبال کااردو شعر سنایا او ر انگریزی میں ترجمہ کر کے اس کی وضاحت کی ۔ جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود….کہ سنگ و خشت سے ہوتے نہیں جہاں پیدا، چین اور
دوسرے ممالک کے سفیرو ں نے اسلام آباد میں پنجاب کانفرنس کے جوابی سیشن میں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خدمات کو سراہا۔چین کے سفیرنے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان خصوصی طورپر پنجاب کے بارے میں بریفنگ کو متاثر کن قرار دیا۔چین کے سفیر نے کہاکہ پاکستان کو جہاں وسائل کی ضرورت ہوگی چین حاضر ہے ۔سی پیک میں شراکت کاری دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔تاجکستان کے سفیر نے وزیراعلی کے ویژن کو خوش کن قرار دیا۔ افریقی ممالک کے سفیر وں نے پنجاب میں
ترقیاتی منصوبوں پر خوشی کا اظہار کیااور معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔افغانستان کے سفارتی نمائندے نے وزیراعلی شہبازشریف کو شاندار ترقیاتی منصوبوں پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ مجھے بار ہا لاہور دیکھنے کا موقع ملا۔لاہور واقعی ایک حیران کن شہر میں بدل چکاہے۔یورپی ممالک کے سفارتی نمائندوں نے وزیراعلی محمدشہبازشریف سے وزیراعظم بننے کی صورت میں ترجیحات کے بارے میں استفسار کیا ۔سفارتکا روزیراعلی کی گفتگو کے نوٹس لیتے رہے او رانہو ں نے دلچسپی
اورانہماک کے ساتھ ان کا پورا خطاب سنا۔آسٹریا کی سفیر نے لاہور کو پاکستان کا کلچرل کیپٹیل قرار دیا ۔وزیراعلی نے انہیں لاہور کی ثقافتی ورثے کی بحالی اور گریٹر اقبال پارک کے بارے میں بتایا۔آسڑیلیا کی ہائی کمشنر نے پنجاب کانفرنس کے اغراض و مقاصد کو سراہا۔ تیونس ، سویڈن ،عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے سفیروں او ر سفارتی نمائندوں نے حکومت پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو مستقبل کے لئے خوش آئند قرار دیا ۔پنجاب کانفرنس میں با رہا’’ پنجاب سپیڈ ‘‘کا ذکر بھی ہوتا رہا۔