کراچی(این این آئی) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ممبر بورڈ آف گورنرز اور نامور سائنسداں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بیلجیئم کی لیون یونیورسٹی، جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی آف برلن اور ہالینڈ کی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی آف ڈیلف نے اپنا ایک ممتاز المنائی قراد دیاہے۔یہ ہم سب پاکستانیوں کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ممتاز پاکستانی سائنسداں کو ان کے گرانقدر کام اور خدمات کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اتنی پزیرائی مل رہی ہے اور سائنسی علوم کے فروغ ترقی کے لیے عالمی سطح پربرملا ان کی خدمات کا اعتراف
کیا گیا ہے۔ان کے مایہ ناز مادرعلمی ادارے جو دنیا کی صفِ اول کی یونیورسٹیز ہیں وہ ڈاکٹر قدیر خان سے وابستگی پر فخر محسوس کرتے ہیں کیونکہ ان کے کارنامے بلاشبہ لائقِ ستائش ہیں۔ میں، اپنی، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، ارکانِ بورڈ آف گورنرز اورسرسید یونیورسٹی کی انتظامیہ کی طرف سے ڈاکٹر قدیر خان کودل کی گہرائیوں سے اس اعزاز کے حصول پر انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں جو وقت کے اس لمحے اور موجودہ تناظر میں نہ صرف ڈاکٹر قدیر خان کے لیے بلکہ پوری قوم اور نوع انسانی کے لیے فخر کی بات ہے۔