اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قطری شہزادوں کو پرندوں کے شکار کی اجازت کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق عرب شہزادوں کو پاکستان کے مختلف حصوں میں پرندوں کے شکار کی اجازت دئیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق اور پنجاب حکومت سے 10روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست گزار نے اپنی دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے قطراور یو اے ای
کے شہزادوں کوپرندوں کے شکار کی اجازت دی، شکارکے لیے امیرقطر شیخ حماد کو ضلع بہاولنگرجب کہ شیخ حماد بن جاسم کوبھکر، جھنگ اورلیہ کا علاقہ الاٹ کیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نےعرب شہزادوں کو شکار کی اجازت دے کر جنگلی حیات کی حفاظت کے ایکٹ 1912 کی خلاف ورزی کی ہے۔عدالت محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ان دو ملکوں سے ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات اورشہزادوں کی حفاظت پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل طلب کرے۔