لاہور (این این آئی) صارفین کے بجلی میٹرز کو ڈیفیکٹو کوڈ لگا کر اوسط بلز چارج کرنے کے معاملے پر اہم ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ نیپرا کی ہدایات پر لیسکو کو خراب اور جلنے والے میٹرز فوری طور پر تبدیل کر کے ان کا ڈیٹا ڈائون لوڈ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، جس کے لیے باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو نے طویل عرصے تک صارفین کے خراب میٹرز کو ڈیفیکٹو قرار دے کر تبدیل نہیں کیا تھا۔ میٹرز کے سٹاک کی عدم دستیابی کے باعث متعدد صارفین کو 2سے 4ماہ تک اوسط بلز چارج کیے جاتے رہے، جس پر صارفین کی جانب سے شدید تحفظات سامنے آئے۔
نیپرا کے حکم پر لیسکو نے رواں ماہ سے ایک لاکھ سے زائد صارفین کے میٹرز تبدیل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ نئے میٹرز کی تنصیب کے بعد پرانے میٹرز کا ڈیٹا ڈائون لوڈ کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ڈیٹا ڈائون لوڈ ہونے کے بعد اضافی چارج کیے گئے یونٹس کو کریڈٹ جبکہ اصل استعمال سے زائد یا کم ہونے کی صورت میں یونٹس کو ڈیبٹ کیا جا سکے گا۔ تاہم رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جہاں صارفین کو ریلیف ملے گا وہیں ڈیٹا کے مطابق کچھ صارفین کو اضافی یونٹس بھی چارج ہو سکتے ہیں۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بلنگ کے نظام میں شفافیت آئے گی اور صارفین کو اصل بجلی استعمال کے مطابق بل ادا کرنا ہوگا، جس سے اوسط بلز کے باعث پیدا ہونے والی شکایات میں کمی متوقع ہے۔















































