اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انتخابی اصلاحات ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی ہیں، کسی نا اہل شخص کیلئے آئین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی، شیخ رشیدکا درخواست
میں موقف۔ تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انتخابی اصلاحات ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی ہیں ، سپریم کورٹ میں انتخابی اصلاحات ترامیم کے خلاف شیخ رشید نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ انتخابی اصلاحات ترامیم آئین کے منافی ہیں، صرف ایک شخص کیلئے آئین میں ترمیم نہیں کی جاسکتی اور وہ بھی اس شخص کیلئے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ان اہل قرار دیا جا چکا ہے۔ جبکہ ایک نا اہل شخص کیلئے آئین میں ترامیم آئین کے آرٹیکل 62 اور 63کے بھی منافی ہے۔ سپریم کورٹ کے 5ججز نے نواز شریف کو نا اہل قرار دیا ہے جبکہ ان کی نظرثانی درخواستیں بھی مسترد کی جا چکی ہیں۔ سپریم کورٹ پر اعتماد ہے کہ جو آئین کے منافی ترامیم کی گئی ہیں اس کے خلاف بھی سپریم کورٹ فیصلہ دے گی۔ نائنٹی ٹو نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخ رشید نے آئینی اصلاحات ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ میں حاضر ہو کر درخواست جمع کراتے ہوئے انہیں چیلنج کیا ہے جبکہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اس پٹیشن میں ان کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم ہونگے اور ہم پوری تیاری کے ساتھ آئینی اصلاحات ترامیم جو کہ آئین کے منافی ہیں اور صرف نا اہل نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کیلئےکی گئی ہیں ان کا راستہ روکیں گے۔