لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں مفت وائی فائی ہاٹ سپاٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران جنرل ہسپتال میں مریضہ کی جان بچانے کے حوالے سے مفت وائی فائی ہاٹ سپاٹ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وائی فائی کی سہولت سے مریضہ کے شوہر نے فوری طو رپر خون کے حصول کے لئے رابطہ کیا اور خون کی بروقت فراہمی یقینی بنا کر مریضہ کی جان
بچائی گئی، ایک زندگی کو بچا کرمفت وائی فائی ہاٹ سپاٹس پر خرچ ہونے والی تمام سرمایہ کاری ہمیں واپس مل گئی ہے اوررقم کا یہ درست استعمال یقیناًشہریوں کو فائدہ پہنچا رہاہے، بلاشبہ یہ ایک ایسا شاندار پروگرام ہے جس سے رابطوں میں مزید آسانیاں پید ا ہوں گی۔وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔وزیراعلی نے اپنی تقریرکا اختتام ان اشعار پر کیا:۔
جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا۔۔۔جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے۔۔۔مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا