لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) متروکہ وقف املاک بورڈ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس بھجوا دیا۔تفصیل کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ کو غیر قانونی قرار دیدیا۔شیخ رشید نے نوٹس ملنے کی تصدقی کر دی ہے۔ نوٹس کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ نے موقف اختیار کیا ہے کہ شیخ رشید نے لال حویلی میں غیر قانونی قیام کر رکھا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر شیخ رشید نے 15 یوم کے اندر اندر ٹرسٹ کی پراپرٹی پر اپنا ناجائز قبضہ ختم نہ کیا تو پھر انکے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ حکومت اپنا سورج غروب ہوتا دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔