کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارمنٹ سندھ نے پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ اور تمام ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران کی عید کی تعطیلات منسوخ کردیں۔ٹی ایم ٹی ڈی سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ عوامی سہولت کیلئے کیا گیا ہے جس کا اطلاق تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر ہوگا جبکہ ادارے کے تمام دفاتر بھی زائد کرائے اور دیگر مسائل پر عوامی شکایات کے ازالے کیلئے عید کی تعطیلات میں کھلے رہیں گے۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ سندھ اور سیکریٹریز ڈسٹرک ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو عوامی شکایات کے ازالے کیلئے مقامی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر بھرپور مہم چلانے اور ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ٹی ایم ٹی ڈی کو رپورٹ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ٹرانسپورٹ سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ افسران سے رابطہ کریں۔عوامی شکایات کے ازالے کیلئے یہ افسران اپنے دفاتر میں موجود رہیں گے۔