اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے چھ ستمبر کو کراچی میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘جلسہ کرنے کا اعلان کردیا جبکہ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کے جلسے میں قومی یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا ۔بنی گالا میں عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کی مرکزی ،سندھ اور کراچی کی قیادت نے شرکت کی ۔اس موقع پر عمران خان نے اعلان کیا کہ چھ ستمبر کو کراچی کے نشتر پارک میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان سے یکجہتی اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت بھی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر کی شام کو نشتر پا رک سے قومی یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا ،اس موقع پر ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا پرچم کے ہمراہ شرکت کا منتظر رہوں گا ۔