حافظ آباد(آئی این پی )حافظ آباد میں سنگدل باپ نے اپنے لخت جگر کو قتل کر کے لاش نہر میں بہا کر اسکے لاپتہ ہونے کا ڈرامہ رچا دیا۔ایک سال بعد راز کھلنے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے علاقہ جہانگیر پورہ کا رہائشی شہروز گھر سے پڑھنے کے لئے سکول گیا لیکن واپس لوٹ کر نہ آیا۔شہروز کے اہلخانہ نے اسکے لاپتہ ہونے بارے سٹی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروا دی۔شہروز کے والد عمر دراز کو چند روز قبل اپنے گھر والوں سے جائیداد کی تقسیم پر جھگڑا ہوا جس پر شہروز کے دادا نے اس شرط پر جائیداد میں حصہ دینے کا وعدہ کیا کہ جب شہروز گھر واپس آئیگا تو اسے بھی جائیداد میں سے حصہ مل جائیگا جس پر عمردراز نے کہا کہ شہروز اب کبھی گھر نہیں آئیگا کیونکہ میں نے اسے قتل کر کے لاش جھنگ برانچ نہر میں پھینک دی تھی اس بات کے سننے پر مقتول شہروز کی والدہ اور دادی پر غشی طاری ہوگئی انہوں نے فوری پولیس کو اطلاع کر کے مقتول کے والد عمر دراز کو گرفتار کروا دیا دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کی کہ اس نے ہی اپنے بیٹے شہروز کو قتل کر کے اسکی لاش نہر میں بہا دی تھی۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے اس واقعہ بارے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ملزم شراب کا عادی ہے اور اس نے چند سال قبل اپنی تین سالہ بیٹی اقراء کو بھی نہر میں ڈبو کر جان سے مار دیا تھا اور یہ ڈرامہ رچا یا کہ وہ نہر میں گرکر جاں بحق ہو گئی تھی۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایسے سنگدل باپ کو سخت سزا دی جائے جس نے اپنے لخت جگر کو مار دیا تھا