کراچی (نیوزڈیسک) پی آئی اے کی جانب سے حجاج کے لیے درآمد کیے جانے والے آب زم زم کے کین مناسب طریقے سے اسٹور نہ کیے جانے کے باعث ان کا ضیاع شروع ہوگیا ہے جس کے بعد اندیشہ ہے کہ حج کے بعد جب حجاج کی پاکستان آمد شروع ہوگی تو آب زم زم کے حصول کے لیے مشکل پیش آ سکتی ہےچونکہ حجاج کو خود آب زم زم لانے کی اجازت نہیں ہے اس لیے تمام ایئر لائنوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ واپسی پر ایئرپورٹ پر فی حاجی پانچ لیٹر کا آب زم زم کا ایک کین فراہم کریں۔ اس مقصد کے لیے پی آئی اے کی انتظامیہ نے پچپن ہزار سے زائد کین درآمد کیے اور ان تمام اسٹیشنوں پر فراہم کردیئے جہاں سے حاجیوں کے لیے پروازیں شروع کی گئی ہیں تاہم ان اسٹیشنوں کے مقامی حکام نے آب زم زم کے ان کین کی مناسب طریقے سے اسٹوریج نہیں کی ہے جس کی بناء پر یہ کین ٹوٹ رہے ہیں ۔ اب تک کراچی اور لاہور میں دو سو کین ٹوٹ چکے ہیں۔