کراچی ( نیوزڈیسک) کراچی میں بھتہ خور بے قابو ہو گئے۔ کھارادر کے علاقے میں واقعہ پان منڈی اسٹیل مارکیٹ کے ایک دکاندار کو بھتہ نہ دینے پر دکان بند کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔ بھتہ خوروں نے نہایت دیدہ دلیری سے دکان کے باہر تالا لگایا اور ساتھ دھمکی آمیز خط چسپاں کر دیا جس پر تحریر ہے کہ'”تالا توڑنے کی کوشش کی تو انجام برا ہو گا”۔ مارکیٹ کے دکانداروں نے بھتہ خوروں کی اس دھمکی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دکانیں بند کر دیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پولیس سے متعدد بار بھتہ خوری کی شکایات کی گئیں لیکن ان کی شکایات کو نظر انداز کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایس پی آفتاب نظامانی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں باقی تو امن ہے کبھی کبھی چٹھی آ جاتی ہے۔ ایس ایس پی سٹی آفتاب نظامانی نے تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد تاجروں نے احتجاج ختم کر دیا ۔