اسلام آباد(این این آئی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تاحیات نااہلی کیخلاف درخواست تیار کر لی ۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی معاملے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تاحیات نااہلی کیخلاف درخواست تیار کر لی ۔ ذرائع کے مطابق
درخواست جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق درخواست میں استدعا کی جائیگی کہ کسی بھی امیدوار کی نااہلی عدالت میں چیلنج کیے گئے الیکشن کی حد تک کی جائے۔ استدعا کی جائے گی کہ از خود نوٹس اور سپریم کورٹ کے خصوصی اختیارات سے متعلق مقدمات میں اپیل کا حق دیا جائے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا جائیگا کہ کسی امیدوار کو تاحیات نااہل قرار دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات میں قرار دے چکی کہ منتخب نمائندگان کو عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔ موقف اختیار کیاگیاکہ غلطی کرنے والوں کو نظرثانی اور معافی کا حق نہ دینا اسلامی تعلیمات کے بھی خلاف ہے،درخواست میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان کے مقدمات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ بار نے درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے ۔